اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ترکی کی اناتولی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے جنوبی صوبے تعز کے مقامی ذرائع نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ مصری فوجی، مخا بندرگاہ پر اتر گئے ہیں جو انصاراللہ کے مخا بندرگاہ اور باب المندب پہنچنے سے قبل وہاں کے راستے منقطع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں- اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انصاراللہ کے فوجیوں نے مخا شہر میں داخل ہونے والے علاقوں میں مورچے سنبھال لئے ہیں- دریں اثنا سعودی عرب کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کی بحریہ نے دو بحری جنگی جہازوں اور جنگی طیاروں سے استفادہ کرتے ہوئے سعودی عرب نیز عرب و غیر عرب سفارتکاروں کو جنوبی یمن کے شہر عدن سے باہر منتقل کردیا ہے- سعودی عرب کے الحدث ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے یمن سے اپنے کارکنوں کو باہر نکال لیا ہے- دریں اثنا المسیرہ ٹی وی چینل نے رپورٹ دی ہے کہ سعودی عرب کے بمبار طیاروں نے شمالی یمن کے صوبے صعدہ میں گیس کمپنی پر حملہ کیا ہے- سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے اسی طرح ہفتے کے روزصوبے صعدہ کی سینٹرل جیل کے اطراف اور البقعہ بازار پر بمباری کی- دوسری جانب یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے نے اس ملک کے سیاسی گروہوں کے مذاکرات مراکش منتقل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲